ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی عسکری حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی بحریہ نے بحیرہ عمان میں ایک امریکی عسکری جہاز کو نشانہ بنایا ہے، جس پر ایک اہم "کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر" قائم تھا اور وہ ایران کی سمندری حدود کے قریب پہنچ رہا تھا۔ ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حالیہ دنوں میں ایرانی تجارتی بحری جہازوں پر امریکی حملوں اور امریکہ کی جانب سے "آبنائے ہرمز کے قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں" کے جواب میں اٹھایا گیا ہے۔
دوسری جانب، امریکی سینٹرل کمانڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک باقاعدہ بیان میں ایران کے ان تمام دعوؤں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے سفید جھوٹ قرار دیا ہے۔ سینٹ کام کے مطابق، ایران کا یہ دعویٰ کہ اس نے بحیرہ عمان (خلیج عمان) میں امریکی بحریہ کے ایک ڈسٹرائر (تباہ کن جنگی جہاز) کو نشانہ بنایا ہے، بالکل بے بنیاد ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے واضح کیا ہے کہ سمندر میں موجود تمام امریکی عسکری اثاثے، بحری جہاز اور فضائی بیڑے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور بغیر کسی رکاوٹ کے معمول کے مطابق اپنی دفاعی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
