امریکی حملوں کے جواب میں اب ایران کی جانب سے بھی شدید عسکری ردِعمل سامنے آنا شروع ہو گیا ہے۔ ایران کی مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے دفاعی نظام نے خلیج فارس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے ایک امریکی عسکری ایف-16 جنگی طیارے کو نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق، فضائی حدود کی خلاف ورزی کا پتا چلتے ہی ایران کے فضائی دفاعی نظام نے پوزيشن سنبھالی اور امریکی طیارے کی طرف کامیابی سے میزائل فائر کیا۔ پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ اس فوری عسکری کارروائی اور میزائل فائر ہونے کے بعد امریکی ایف-16 طیارہ اپنی جان بچا کر فوری طور پر پیچھے ہٹنے اور فرار ہونے پر مجبور ہو گیا۔ ایران کے اس جوابی وار اور امریکی جنگی طیارے کو پیچھے دھکیلنے کے دعوے نے خلیج کی فضائی حدود میں جاری اس جنگ کو مزید ہولناک اور تیز کر دیا ہے۔
