Breaking

بنوں میں پولیس چوکی پر خارجیوں کا بڑا خودکش حملہ ناکام: بارود سے بھری گاڑی اڑا دی گئی

 

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر خارجیوں کی جانب سے کیا گیا ایک بڑا خودکش حملہ پولیس کی بروقت اور دلیرانہ کارروائی کے باعث ناکام بنا دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خارجیوں نے بارود سے بھری ایک گاڑی کو پولیس چوکی سے ٹکرانے کی کوشش کی، تاہم وہاں تعینات مستعد پولیس اہلکاروں نے خطرے کو بھانپتے ہوئے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ پولیس کی فائرنگ کے نتیجے میں بارود سے بھری گاڑی چوکی کے باہر ہی زوردار دھماکے سے پھٹ گئی۔

دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور اس کے نتیجے میں قریبی سول آبادی اور گھروں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ بعض مکانات کی چھتیں گرنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا، جس کے بعد فورسز اور خارجیوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا جو تاحال جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع نے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر بنوں کینٹ پر حملے کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کی سخت تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بنوں کینٹ پر حملے کی اطلاعات بالکل بے بنیاد ہیں اور خارجیوں کی جانب سے صرف فتح خیل پولیس چوکی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی جسے پولیس نے اپنی بہادری سے ناکام بنا دیا۔



ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی