سان ڈیگو کے میرامار میرین کور ایئر اسٹیشن پر جمعہ کی صبح 3rd میرین ایئر کرافٹ ونگ کا ایک ایف-35 بی جنگی طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ حادثے کے فوراً بعد ایمرجنسی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، جبکہ طیارے میں آگ لگنے کے باعث ارد گرد کے جھاڑی دار علاقے میں بھی شدید آگ بھڑک اٹھی اور فضا میں دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے۔
امریکی میرین کور کے ترجمان کے مطابق یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے کے قریب پیش آیا۔ ملٹری حکام نے اس واقعہ کو "کلاس اے کیٹگری" کا حادثہ قرار دیا ہے، جو کہ شدید ترین حادثات کے لیے استعمال کی جانے والی اصطلاح ہے جس میں 2.5 ملین ڈالر سے زائد کا مالی نقصان یا طیارے کی مکمل تباہی شامل ہوتی ہے۔ طیارے کے پائلٹ نے وقت پر ایجیکٹ کر کے اپنی جان بچا لی، جسے بعد میں محفوظ طریقے سے ریکور کر لیا گیا۔
ابھی تک حادثے کی حتمی وجوہات سامنے نہیں آ سکی ہیں اور نہ ہی اس بات کی تصدیق ہو سکی ہے کہ طیارہ پرواز بھر رہا تھا یا لینڈنگ کر رہا تھا۔ سان ڈیگو فائر ریسکیو ڈیپارٹمنٹ جھاڑیوں میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے ملٹری حکام کی مدد کر رہا ہے۔ ملٹری حکام کی جانب سے اس واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
